ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام انتظامات مکمل، ہر حلقے کے ووٹ 14ٹیبلوں پر گنے جائیں گے: سنجیو کمار

ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام انتظامات مکمل، ہر حلقے کے ووٹ 14ٹیبلوں پر گنے جائیں گے: سنجیو کمار

Tue, 15 May 2018 00:56:23    S.O. News Service

بنگلورو۔14؍مئی(ایس او نیوز) ریاست بھر کے 222اسمبلی حلقوں میں 12 مئی کو ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ یہ بات ریاست کے چیف الیکٹورل افسر سنجیو کمار نے بتائی۔ انہوں نے کہاکہ آج شہر کے ہبال اسمبلی حلقے کے لٹے گولہلی پولنگ بوتھ اور کوپل میں ایک پولنگ بوتھ پر دوبارہ پولنگ کا عمل بھی پرامن طور پر گزر گیا۔ کل صبح 8؍ بجے سے ریاست کے 38 مقامات پر ووٹوں کی گنتی بیک وقت شروع ہوجائے گی۔ہر اسمبلی حلقے میں ووٹوں کی گنتی کے لئے 14ٹیبل رکھے گئے ہیں۔ بنگلور میں پانچ مقامات پر گنتی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ عوام کی سہولت کے لئے سیاسی پارٹیوں کی پیش رفت کے رجحانات کی تشہیر کا انتظام بڑے پیمانے پر کیا گیا ہے۔ کل دوپہر تک ریاست کا واضح سیاسی منظر نامہ عوام کے سامنے آجائے گا۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو اس کے لئے گنتی کے مراکز کے اطراف حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ گنتی کے لئے بنگلور میں پانچ مقامات طے کئے گئے ہیں جبکہ ہر ضلع میں دو دو یا ایک مقام کا انتظام کیاگیا ہے۔ ہر گنتی کے مرکز میں ووٹوں کی گنتی کے لئے 14ٹیبل لگانے کے ساتھ سات افزود ٹیبل بھی مہیا کرائے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ریاست بھر میں گنتی کے لئے 11160 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ انتخابات کے لئے کانگریس نے 221 بی جے پی نے 222 جنتادل (ایس) 201 ، بی ایس پی نے 18، سی پی ایم نے 19 ، این سی پی نے 14 اور 1155 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ مجموعی طور پر عوام نے 12 مئی کو 2655 امیدواروں کی قسمت کا بٹن دبایا ہے۔ پچھلے ایک ماہ سے ریاست بھر میں زور دار انتخابی مہم چلائی گئی۔ اس انتخابی مہم میں وزیر اعظم مودی نے جہاں بی جے پی کی پیروی کی تو صدر کانگریس راہل گاندھی نے کانگریس کے حق میں زور دار مہم چلائی ۔ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا اور ان کے فرزند کمار سوامی نے جنتادل (ایس) کے لئے ووٹ مانگے۔ اب جبکہ انتخابات ہوچکے ہیں ۔ سیاسی پارٹیاں کل نتائج کے انتظار میں ہیں ، جنتادل (ایس) کو یہی امید ہے کہ معلق اسمبلی کی صورت میں وہ ریاست میں کنگ میکر کا مقام حاصل کرسکے، اور جو بھی حکومت بنے اس کی حمایت کی محتاج بنے۔ انتخابات کو لے کر مختلف قومی اور ریاستی ایجنسیوں کی طرف سے کئے گئے ایکزٹ پول میں سے بیشتر نے معلق اسمبلی کا اشارہ دیا ہے تو دوسری طرف بعض نے کانگریس کو بھاری اکثریت کی پیشین گوئی کی ہے۔ 


Share: